پاکستان میں احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکومت کے سخت اقدامات
پاکستان میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند اور پنجاب کے چار شہروں میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر پاکستان بھر سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں اور جڑواں شہروں میں آج نجی اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گيا ہے جبکہ میٹرو بس انتظامیہ نے بھی راولپنڈی میں آج میٹرو بس سروس معطل رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر سے اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی تمام سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن، واٹر بوزر، پریزن وین، پولیس کی نفری بھی موجود ہے، عام شہریوں کو بھی پنڈی، اسلام آباد جانے روک دیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجر بھی طلب کر کے ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اب تک چار ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ادھر خیبرپختونخوا سے بھی قافلے ڈی چوک اسلام آباد جانے کیلئے تیار ہیں، خیبرپختونخوا کے قافلے ایم ون موٹروے پر جمع ہو کر صوابی جائیں گے، صوابی سے قافلوں کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کریں گے، ورکروں کو بھرپور تیاری کیساتھ ڈی چوک جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔