Oct ۰۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۳ Asia/Tehran
  • فاروق عبداللہ کی پاک ہند بات چیت کے بارے میں خوش گمانی

ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے ہندوستان اور پاکستان فائدہ اٹھاتے ہوئے دو طرفہ مسائل پر بات چیت کریں گے۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہندوستانی وزیر خارجہ جےشنکر کی شرکت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے توقع کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ملک اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اجلاس کے دوران دوطرفہ مسائل پر بات چیت کریں گے۔ جبکہ ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر نے حال ہی میں ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں وہ دونوں ملکوں کے تعلقات پر بات کرنے نہیں جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پندرہ اور سولہ اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا اور تقریبا دس سال کے بعد ہندوستان کی کسی اعلی شخصیت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ اس سے قبل دو ہزار پندرہ میں اس وقت کی ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج افغانستان سے متعلق ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آئی تھیں۔

ٹیگس