Nov ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
  • پاکستان نے آسٹریلیا کو ہوم گراونڈ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی

پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی۔

سحر نیوز/ پاکستان: دوسرے میچ کے بعد آج تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بلے بازوں کو مشکل میں ڈال دیا اور پوری ٹیم آج بھی مکمل اوورز نہیں کھیل سکی۔

پرتھ میں سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کُن میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم اکتیس اعشاریہ پانچ اوور میں ایک سو چالیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ آج بھی پاکستانی فاسٹ بولرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، نسیم شاہ نے بیس رن پر پہلی اور شاہین آفریدی نے چھتیس رن پر دوسرا وکٹ حاصل کیا اور پھر وقفے وقفے سے لگاتار وکٹ گرتے رہے۔ جبکہ ایک آسٹریلوی بلے باز کوپر کونولی ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کرسکے۔

پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگ کا آغاز کیا اور دونوں بیلے بازوں نے پُراعتماد انداز سے بیٹنگ کی اور چوراسی رن کی پارٹنرشپ قائم کی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ چوراسی اور دوسری وکٹ پچاسی رن پر گری، عبداللّٰہ شفیق سینتیس اور صائم ایوب بیالیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان نے پارٹنر شپ قائم کی اور میچ ختم کیا۔

بابر اعظم اٹھائيس اور محمد رضوان تیس رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے تین تین جبکہ حارث رؤف نے دو اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کیا۔

پاکستان کی جیت پر کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ یہ میرے لیے بہت خاص لمحہ ہے، ٹیم کے تمام کھلاڑی ہی مجھے مشورے دیتے ہیں۔

محمدرضوان کا کہنا ہے کہ جیت کا پورا کریڈٹ بولرز کو جاتا ہے، انہوں نے عمدہ بولنگ کی، اوپنرز صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق نے ہمیں دوسرے اور تیسرے میچ میں اچھا آغاز دیا۔

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کا کہنا ہے کہ سیریز میں ٹیم کی پرفارمنس مایوس کن رہی ہے۔

پرتھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوش انگلس نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی کرنا اچھا لگا مگر سیریز ہارنے پر مایوسی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سیریز میں ہم مکمل طور پر آؤٹ کلاس ہوئے ہیں۔

جوش انگلس کا کہنا ہے کہ ہمارے بیٹرز دوسرے اور تیسرے میچ میں رنز نہیں کر سکے۔

 

ٹیگس