Nov ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۹ Asia/Tehran
  • خیبرپختونخوا: چیک پوسٹ پر خودکش حملہ 12 فوجی اہلکار جاں بحق 6 دہشتگرد ہلاک

پاکستان کے صوبےخیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے میں 12فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری بیان میں دعوی کیا ہے کہ ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جس کے دوران  فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ، دہشت گردوں کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو فورسز نے ناکام بنا دیا، دہشتگردوں نے ناکامی پر بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے اور دیوار کا ایک حصہ گر گیا جس سے عمارت کو نقصان پہنچا۔

ترجمان پاکستانی فوج کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں فوج کے 10 سپاہی اور فرنٹیئر فورس (ایف سی) کے 2 سپاہی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ضلع بنوں میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، منگل کے روز شمالی وزیرستان کی سرحد پر ایک چیک پوسٹ سے اغوا کیے گئے نصف درجن سے زائد پولیس اہلکاروں کو پولیس نے قبائلی عمائدین کی مدد سے بحفاظت بازیاب کرا لیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ اسی ضلع کے علاقے بکا خیل میں فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے ایک میجر سمیت 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

تقریبا ایک ہفتہ قبل نامعلوم شرپسندوں نے شاہ نجیب لنڈیدک نائکم کلی علاقے میں لڑکیوں کے پرائمری اسکول کی زیر تعمیر عمارت پر حملہ کیا تھا۔

ٹیگس