دھرنوں میں قانون پامال کرنے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، شہباز شریف
پاکستان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے دھرنوں میں قانون پامال کرنے کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے
سحر نیوز/پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں چوبیس نومبر کے دھرنے میں فسادات کا جائزہ لینے کے لئے قائم ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس میٹنگ میں کہا کہ دھرنوں کے دوران قانون شکنی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں ۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی میں پیشرفت کا ہفتے وار جائزہ لیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ایسے وقت میں کہ بیلاروس کے صدر پاکستان کے سرکاری دورے پر تھے، اسلام آباد پر یلغار اور ہنگامہ کیا گیا جس کی وجہ سے کافی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس بنائی جائے گی۔
اس اجلاس میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی کہ موقع واردات سے اسلحہ، کارتوس کے خول اور دیگر دستاویزی ثبوت اکٹھےکئے جاچکےہیں اور یہ سبھی چیزیں فرانسک ٹیسٹ کے لئے لیب بھیجے جائيں گے۔