Dec ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • فلسطین اور شام سے اسرائیل کے مکمل انخلاء کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو سکتا: پاکستان

پاکستان نے شامی سرزمین پر اسرائیلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان نے شام پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان شام پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستان شامی سرزمین پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں خطرناک پیش رفت ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی جاری رکھی ہوئی ہے، پاکستان شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے طاقت کے ذریعے علاقے کے حصول کو مسترد کرتا ہے، ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 497 کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

پاکستان نے واضح کیا کہ مقبوضہ فلسطین اور شام کے جولان سمیت دیگر مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلاء کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

ٹیگس