پاکستان کی ایف آئی اے ٹیم مراکش روانہ، کشتی حادثہ اور تشدد کے واقعات کی کرے گی تحقیقات
پاکستانی وزیراعظم کی ہدایت پر مراکش بھیجی جانے والی ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم پاکستانیوں پر تشدد اور قتل کی تحقیقات کرے گی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم مراکش بھیجی گئی ہے جو تین سے چار روز مراکش میں قیام کرے گی۔ یہ تحقیقاتی ٹیم کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والوں سے ملاقات کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ ٹیم پاکستانیوں پر تشدد اور قتل کی بھی تحقیقات کرے گی۔ پاکستان سے جانے والی تحقیقاتی ٹیم حادثے میں بچ جانے والے افراد سے ملاقات کرکے ان سے بھی حقائق معلوم کرتے ہوئے اپنی رپورٹ مرتب کریں گی، جس کی بنیاد پر انسانی اسمگلرز اور اس دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو کشتی حادثے میں چوالیس پاکستانیوں سمیت پچاس تارکین وطن ہلاک ہوگئے تھے، کشتی میں کل چھیاسٹھ پاکستانی سوار تھے تاہم چھتیس افراد کو بچالیا گیا ہے۔