افغانستان سے اسلحہ پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسلحہ پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے آٹھ جنوری کو غلام خان بارڈر ٹرمینل پر اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا اور غیر ملکی اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ ٹرک سے جدید ساخت کا غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد کر لیے گئے، برآمد شدہ غیر ملکی اسلحے میں چھبیس ایم سولہ رائفلیں شامل ہیں، ایم 4 رائفلوں کی 292 میگزین، 10 ہزار سے زائد گولیاں بھی شامل ہیں جبکہ کلاشنکوف کی نو میگزین اور دو سو چوالیس گولیاں بھی پکڑی گئيں ، اس کے علاوہ پکڑے گئے اسلحے میں لائٹ مشین گن کی سات سو چوالیس گولیاں بھی شامل ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ برآمد کیا گیا اسلحہ ٹرک میں ڈرائیور کیبن میں خفیہ مقام پر چھپایا گیا تھا، ٹرک میں اسلحے کیلئے کمپارٹمنٹس اور پیکنگ افغانستان میں ہوئی، یہ اسلحہ اور گولہ بارود پاکستان میں دہشتگردی میں استعمال ہونا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد بار فتنہ الخوارج کے خارجیوں سے غیر ملکی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔