پاکستان: شناخت کے بعد قتل کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع بارکھان کی یونین کونسل رڑکن کے مقام پر مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے سات مسافروں کو شناخت کے بعد قتل کر دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: لیویز ذرائع کے مطابق منگل کی شب کوئٹہ سے پنجاب جانے والی مسافر کوچز کو نامعلوم شرپسندوں نے اسلحے کے زور پر روکا اور مسافروں کے شناختی کارڈز چیک کئے۔ اس کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والوں سات مسافروں کو زبردستی اپنے ساتھ اسلحے کے زور پر قریبی پہاڑی سلسلے میں لے جا کر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مسلح افراد دو مسافروں کو اپنے ہمراہ بھی لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے پیچھے آنے والی دیگر مسافر کوچوں کو مختلف مقامات پر روک کر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
بچ جانے والے مسافروں کے مطابق شرپسندوں کی تعداد 10 سے 12 کے قریب تھی اور وہ جدید اسلحے سے لیس تھے۔
ایک عینی شاہد کے مطابق شناختی کارڈز چیک کرنے کے بعد اس کے بھائی کو دیگر مسافروں کے ہمراہ اتارا گیا اور تھوڑی دیر کے بعد فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی مسافروں کو موسیٰ خیل کے مقام پر شناخت کے بعد 23 مسافروں کو قتل کر دیا گیا تھا۔
اس سے قبل کوئٹہ تفتان شاہراہ پر شناخت کے بعد قتل کئے جانے کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ضلع بارکھان میں سات معصوم مسافروں کی دہشتگردوں کے ہاتھوں ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ہے۔