Mar ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۲:۰۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: غزہ میں امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پر اسرائیلی جنگی ہتھکنڈوں کی مذمت

پاکستان کی وزارت خارجہ نے غزہ پٹی میں انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کو روکنے پر مبنی صیہونی حکومت کے اقدام کی مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ایک باضابطہ بیان میں صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ تک انسان دوستانہ امداد کی ترسیل پر روک تھام  کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ غزہ والوں کے خلاف صیہونی حکومت کا یہ منظم اقدام، فلسطینیوں تک امدادی سامان سے محروم کرنے کے مترادف اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
شفقت علی خان کے بیان میں آیا ہے کہ صیہونی حکومت نے جنگ بندی کے معاہدے کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے۔
انہوں نے اس بیان میں لکھا ہے کہ عالمی برادری سے اسلام آباد کی اپیل ہے کہ غزہ کے عوام کی امدادی سامان تک بلاوقفہ دسترسی کو یقینی بنایا جائے اور دسیوں لاکھ فلسطینی عوام کو اجتماعی سزا دینے کی پالیسی کو روکنے کے لیے صیہونی حکومت کو جوابدہ کیا جائے۔
پاکستان کے ترجمان وزارت خارجہ کے اس بیان میں درج ہے کہ اسلام آباد غزہ میں مستقل جنگ بندی اور فلسطینی ریاست کی تشکیل پر مبنی سیاسی راہ حل پر زور دیتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے دفتر نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ غزہ جانے والے تمام امدادی سامان کی ترسیل کو اس وقت تک روک دیا گیا ہے جب تک حماس تل ابیب کی مرضی کے مطابق، صیہونی قیدیوں کو رہا نہیں کرتا۔

ٹیگس