دہشت گردی کا خاتمہ ہونے کی صورت میں ہی سرمایہ کاری آئے گی: شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہونے کی صورت میں ہی سرمایہ کاری آئے گی یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق شہباز شریف نے موجودہ حکومت کا ایک برس مکمل ہونے کے بعد کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب ميں کہا کہ بروقت اقدامات سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحادی جماعتوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور اتحادیوں کی حمایت سے مشکل ترین لمحات گزارے ہیں۔ پاکستان کے وزير اعظم نے کہا کہ آج تمام ادارے ایک ہی کشتی پر سوار ہیں اور پانچ ارب ڈالر کیلئے آرمی چیف اور ہم دوست ممالک کے پاس گئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں اسی وقت تیزی آئے گی جب شرپسند عناصر کا خاتمہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنہ دو ہزار اٹھارہ میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا تھا لیکن اس نے پھر سر اٹھا لیا۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہونے کی صورت میں ہی سرمایہ کاری آئے گی اور یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔