Mar ۰۸, ۲۰۲۵ ۰۹:۴۶ Asia/Tehran
  • بنوں کینٹ پر افغانستان سے لائے ہوئے امریکی اسلحے سے ناکام حملہ کیا گيا: پاکستانی میڈیا

پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ 4 مارچ کو فتنۃ الخوارج نے بنوں کینٹ پر ناکام حملے کے لئے افغانستان سے لایا ہوا امریکی اسلحہ استعمال کیا۔

سحرنیوز/پاکستان:  ڈان نیوز نے اپنی تازہ اشاعت میں لکھا ہے کہ 4  مارچ کو فتنۃ الخوارج نے بنوں کینٹ پر حملے کی کوشش کی لیکن سیکیورٹی فورسز کے بروقت ردعمل سے ان کا حملہ ناکام ہوگيا۔ جس کے بعد حملہ آوروں نے دو بارودی مواد سے لدی گاڑیاں کنٹونمنٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 خودکش بمباروں سمیت 16دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، مارے گئے خارجیوں سے امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک خوارج سے ایم 24 اسنائپر رائفل، ایم 16 اور ایم 4 اسلحہ برآمد ہوا، یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث رہے۔ اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر 6 خوارج کو ہلاک کیا، ہلاک خوارج سے بھی امریکی اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا۔

ٹیگس