افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کا حکم
پاکستان کی وزارت داخلہ نے تمام افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو اکتیس مارچ تک پاکستان سے نکلنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی وزارت داخلہ نے اس کے ساتھ ہی غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کو بھی اکتیس مارچ تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ پاکستان کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ حکومت نے افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے اس لئے تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی اکتیس مارچ تک رضاکارانہ واپسی یقینی بنائیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی بے دخلی کا عمل یکم اپریل سن دو ہزار پچیس سے شروع کر دیا جائے گا اور ان کی باوقار واپسی کے لیے پہلے ہی مناسب وقت دیا جا چکا ہے تاہم پاکستان کی وزارت داخلہ نے کہا بے دخلی کے دوران کسی سے ناروا سلوک نہیں کیا جائے گا اور واپس جانے والوں کے لیے خوراک اور طبی سہولیات کا انتظام بھی کر دیا گیا ہے۔