پاکستان اور ایران کے وزرائے صحت کا ہیلتھ ٹورازم اور سرحدی علاقوں میں بیماریوں پر قابو پانے پر اتفاق
Apr ۲۸, ۲۰۲۵ ۰۸:۴۰ Asia/Tehran
پاکستانی وزیر صحت کے ساتھ ملاقات میں ایرانی وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن نے دونوں ممالک کے درمیان ہیلتھ ٹورازم کے فروغ اور سرحدی علاقوں میں بیماریوں پر قابو پانے کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
سحرنیوز/ایران: محمد رضا ظفرقندی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے صحت کے 8ویں اجلاس کے موقع پر، پاکستانی وزیر صحت سید مصطفی کمال کے ساتھ ملاقات کی۔
دونوں ممالک کے درمیان صحت اور طبی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایرانی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان ہمسائیگی اور وسیع تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران صحت کے شعبے میں باہمی ترقی کے لیے بنیادی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون بشمول سرحدی علاقوں میں بیماریوں پر قابو پانے اور ہیلتھ ٹورزم کو فروغ دینا چاہیے۔ پاکستان کی وسیع آبادی اور دونوں ممالک کے درمیان مریضوں کی نقل و حرکت کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر صحت نے کہا کہ ہیلتھ ٹورزم کو ایک باقائدہ منصوبہ بندی سے مسلسل پروگرام میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ ظفرقندی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ایران کی پیشرفت کو دیکھتے ہوئے، خاص طور پر بانجھ پن اور اعضاء کی پیوند کاری کے شعبے میں، ہم پاکستانی مریضوں کا علاج کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ہیلتھ ٹورازم کو منظم کرنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے وزیر کے معاون خصوصی اور بین الاقوامی ریلیشن کے ڈائریکٹر جنرل علیرضا بیگلری نمائندہ ہوں گے۔ انہوں نے پاکستانی وزیر صحت سے اپنا نمائندہ متعارف کرانے کی درخواست کی۔
ایرانی وزارت صحت کے نائب علی رضا رئیسی نے پولیو، خسرہ، تپ دق اور وبائی ہوئی بیماریوں کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے تعاون کے لیے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے اس شعبے میں مشترکہ تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے بعد، پاکستان کے وزیر صحت سید مصطفی کمال نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی ترجیحات میں سے ایک دونوں ممالک کے منظور شدہ ضوابط کی بنیاد پر ہیلتھ ٹورزم کا اہتمام ہے۔
ارنا کے مطابق، ایرانی وزیر صحت محمد رضا ظفرقندی نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے صحت کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کیا، جس کا مقصد صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا اور اس معاہدے سے متصل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔ یہ اجلاس چین کے شہر ژیان میں 23 سے 30 اپریل تک جاری رہے گا۔