May ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۴ Asia/Tehran
  • علامتی تصویر
    علامتی تصویر

پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ ھندوستان نے بہاولپور اور مظفرآباد سمیت کئی پاکستانی شہروں پر حملے کیے ہیں۔

 سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق ہندوستان نے بہاولپور اور مظفرآباد سمیت کئی پاکستانی شہروں پر ڈرون حملے کیے ہیں اور کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر شدید جھڑپیں جاری ہے۔

پاکستانی  فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز گرا چکا ہے۔

پاکستانی  فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، افواج پاکستان دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔

 واضح رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ  ہندوستان نے پھر دراندازی کی کوشش کی تاہم تمام 12 ڈرونز کو ناکارہ بنایا گیا۔

ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ لاہور، گوجرانوالا، چکوال، بہاولپور، کراچی، اٹک اور چھور میں ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا۔

واضح رہے ہندوستان میڈیا میں پاکستان پر بھی گزشتہ رات ہندوستان کے کئي علاقوں پر ڈرون حملے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔

ہندوستانی حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ شب ڈرون حملے کئے جنہیں ناکام بنا دیا گيا۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق پاکستان نے ہندوستان کے اونتی پورا، سری نگر، پٹھانکوٹ، امرتسر، کپور تھلا، لدھیانہ، بھٹنڈا، چندی گڑھ ، نل ، فلودی اور بھج میں حملے کی کوشش کی تھی جسے ہندوستان نے ایس 400 انٹی میزائل سسٹم سے ناکام بنا یدا اور یہ آپریشن پوری رات چلتا رہا۔

دونوں ممالک نے ایسے عالم میں ایک دوسرے پر ڈرون حملے کئے ہيں کہ جب پوری دنیا کی جانب سے ہندوستان و پاکستان کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کی کوششیں جاری ہيں اور دونوں ملکوں کے عوام کی بھی یہی خواہش ہے۔

ٹیگس