ہندوستان کے ساتھ امن مذاکرات کےلئے آمادگی کا اعلان؛ شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم نے ہندوستان کے ساتھ پائیدار امن کے لئے مذاکرات کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: ارنا کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے ہندوستان کے ساتھ گزشتہ تین عشروں کے بد ترین فوجی تصادم کے چند روز بعد جمعرات کی شام کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ امن مذاکرات کے لئے تیار ہیں ۔یاد رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں بائیس اپریل کو ہندوستان کے غیر ریاستی سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے میں ستائيس افراد مارے گئے تھے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی اور پھر دونوں طرف سے حملے کئے گئے۔
دس مئی کو دونوں ملکوں نے فائربندی پر اتفاق کیا اوراب پاکستان کے وزیر اعظم کی طرف سے ہندوستان کے ساتھ امن مذاکرات کے لئے آماد گی کے اعلان کو خوش آئند سمجھا جارہا ہے۔
ایک اور رپورٹ میں پاکستان کے وزیر خارجہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فائربندی بندی میں اٹھارہ مئی تک کے لئے توسیع کردی گئی۔
اس دوران ہندوستانی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے سرحدوں پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔