پاکستان نے ہندوستان کے وزیراعظم کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزامات کو مسترد کر دیا۔
سحرنیوز/پاکستان:پاکستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ ہندوستانی وزیرِ اعظم کا بیان علاقائی کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف مسلسل اور مؤثر شراکت دار ہے، پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششیں گمراہ کن اور ناقابلِ قبول ہیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور تعمیری مذاکرات کےلیے پُرعزم ہے ۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست راجستھان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف حالیہ جنگ کے تناظر میں گفتگو کی ہے ۔
نریندرمودی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہر دہشتگرد حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی اب یہ قیمت پاکستان کی فوج اور معیشت دونوں کو ادا کرنی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا اگر پاکستان نے دہشتگردوں کی حمایت جاری رکھی تو اسے پانی کی بوند بوند کو ترسا دیا جائےگااور جن درياؤں پر ہندوستان کا حق ہے، ان کا پانی پاکستان کو نہیں ملے گا۔