عمران خان سے ملاقات نہ کرائی جانے پر بشریٰ بی بی نے عدالت میں حاضر ہونے سے کیا انکار
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان کو عدالت میں پیش کردیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی نے احتجاجاً کمرہ عدالت میں آنے سے انکار کردیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق آج عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم عدالت کی ہدایت کے باوجود بشری بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں اور جیل حکام نے عدالت میں بیان دیا کہ بشریٰ بی بی نے عدالت میں آنے سے انکار کردیا ہے۔ جیل حکام نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی اس لیے نہیں آئیں گی۔

عدالت نے تین گھنٹے کا وقت دینے کے باوجود بشریٰ بی بی کے نہ آنے پر اظہار برہمی کیا۔ ان کی عدم دستیابی کے باعث چارگواہوں کے بیان ریکارڈ نہیں ہوسکے۔عدالت نے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی نہ آئیں تو ضمانت منسوخی کے احکامات دیں گے۔ عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت تین جون تک ملتوی کردی۔