دریائے سندھ کی سطح خطرناک حد تک بلند، چشمہ میں الرٹ جاری
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے چشمہ میں دریائے سندھ میں ممکنہ شدید سیلاب کی وارننگ جاری کردی
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے دریائے سندھ میں مختلف مقامات پر پانی کی بلند سطح کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا اور کالا باغ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ صورتحال کو مزید خطرناک بناتے ہوئے چشمہ میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں، 21 جولائی سے دریاؤں راوی، جہلم، ستلج اور چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث ممکنہ سیلاب کے الرٹ جاری کردیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں غیر معمولی پانی کا بہاؤ متوقع ہے، جو ملک کے زیریں علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔