پاکستان میں انٹرنیٹ کی معطلی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش نے لاکھوں صارفین کو رابطے اور کاروباری سرگرمیوں سے محروم کر دیا
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش نے شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا سے کاٹ دیا۔
کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ٹک ٹاک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک غیر معمولی طور پر سست ہو گئے، جبکہ گوگل سروسز پر بھی کنیکشن غیر مستحکم رہا۔
یہ مسئلہ دن کے آغاز میں سامنے آیا اور شام کے وقت شدت اختیار کر گیا، جس نے آن لائن تعلیم، کاروبار اور رابطوں کو بری طرح متاثر کیا۔ انٹرنیٹ فراہم کنندگان نے تکنیکی خرابی کو ذمہ دار ٹھہرایا، مگر صارفین نے مستقل سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کیا۔
پی ٹی سی ایل، زونگ 4G، یو فون اور نیا ٹیل جیسے بڑے نیٹ ورک بھی متاثر ہوئے۔ نیا ٹیل نے صارفین کو آگاہ کیا کہ مسئلہ اپ اسٹریم فراہم کنندہ کی جانب سے ہے، تاہم صارفین نے اس وضاحت کو ناکافی قرار دیا اور مستقل سست رفتاری پر ناراضی ظاہر کی۔