پاکستان: ملک کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن: شہباز شریف
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رواں سال معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ہو گا اور یہ کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف کے زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری سے متعلق جائزہ اجلاس آج منعقد ہوا جس میں جاری اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ شوگر، سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹائلز اور فرٹیلائزرز کی صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ نظام کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔
اجلاس میں شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اس لیے زیادہ پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
پاکستان کے وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کاروباری طبقے کے ساتھ تعاون کرے اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے سینیئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں کراچی کا دورہ کریں تاکہ کاروباری برادری سے براہِ راست رابطہ ہو اور ان کے مسائل بلا تاخیر حل کیے جا سکیں۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانا ہے تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد بڑھ سکے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel