حکومت لیوی کے نام پر غنڈہ گردی کر رہی ہے: حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت ریلیف کا ڈرامہ بند اور پٹرولیم لیوی کا بھتہ ختم کرے۔
سحرنیوز/پاکستان: اطلاعات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی ختم اور پالیسی ریٹ کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کرے گی اور مختلف شہروں میں جاری دھرنے بھی ختم نہیں کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 1567 ارب روپے لیوی جمع کی گئی لیکن دوسری جانب حکومت پالیسی ریٹ کم کرنے کیلئے تیار نہیں، پاکستان میں ایک متوازی معیشت موجود ہے اور اتنی بڑی خرید و فروخت کہیں حساب میں نہیں آرہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لیوی کے نام پر غنڈہ گردی کر رہی ہے اور فی لیٹر 135 روپے بھتہ لے رہی ہے، ہم حکومت کو پالیسی ریٹ 3 فیصد کم کرنے کے فوائد سے آگاہ کر چکے ہیں اور لیوی کم کرنے کے حوالے سے بھی فارمولا دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ برقرار رکھنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ مہنگائی کم کر دی گئی ہے لیکن بلند شرح سود سے مزید قرض بڑھے گا، لیوی ختم کرنے اور پالیسی ریٹ کم کرنے کی ضرورت ہے، ان حالات میں عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھیں تو حکومت کو اپنے محصولات کم کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 25 ارب روپے کا ریلیف دیا ہے، قوم کو لائنوں میں لگا کر کوئی احسان نہیں کیا جا رہا، پیٹرول پمپوں پر ایپ دیکھی جاتی رہے گی اور رش لگا رہے گا جبکہ جن کے ذریعے ریلیف دیا جا رہا ہے ان سے بات ہی نہیں کی گئی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel