ایران اسلامی حضرت امام حسن عسکری(ع) کے غم میں سوگوار و عزادار
اسلامی جمہوریہ ایران فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شب شہادت کے موقع پر سوگوار و عزادار ہے۔
اس موقع پر ملک بھر میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور بعض شہروں میں جلوس ہائے عزا بھی برآمد کیے جا رہے ہیں۔
ایران کے مذہبی شہروں مشہد مقدس، قم المقدسہ، شہر رے اور شیراز میں اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہتسیوں کے روضوں میں عزاداری کے بڑے بڑے اجتماعات منقعد کئے جا رہے ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔
مشہد مقدس میں فرزند رسولۖ حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے روضہ مبارک میں ہزاروں زائرین اور عزادار موجود ہیں اور ہر طرف سے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔قم المقدسہ میں بھی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا روضہ اقدس بھی ہزاروں عزاداروں کا میزبان بنا ہے جو آسمان امامت و ولایت کے گیارہویں درخشاں ستارے اور شیعیان جہان کے گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے غم میں اشک عزا بہا کر آپ کی شخصیت کو نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
فرزند رسولۖ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام، آسمان امامت و ولایت کے بارہویں درخشاں ستارے اور شیعیان جہان کے بارہویں امام حضرت امام مہدی عجل کے والد گرامی ہیں جن کی آمد کا پوری دنیا شدت سے انتظار کر رہی ہے۔