انسان نما روبوٹ جلد ہی سامنے آنے والا ہے
ٹیسلا کے بانی ایلن مسک نے اعلان کیا ہے کہ ٹیسلا کی جانب سے اپنے آپٹیمس روبوٹ کے نمونے کی رُونمائی رواں برس ستمبر کے مہینے میں کی جائے گی۔
سحر نیوز/ سائنس اور ٹکنالوجی : چیف ایگزیکٹِو ٹیسلا کا کہنا تھا کہ کمپنی کا مصنوعی ذہانت کا دن انسان نما روبوٹ کے متعارف کرائے جانے کی وجہ سے ملتوی کیا جائے گا۔
ایلن مسک کے مطابق یہ روبوٹ کمپنی کے لیے اس کی برقی گاڑیوں کے کاروبار سے زیادہ اہم ثابت ہوگا۔
انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ٹیسلا کے یومِ مصنوعی ذہانت کو 30 ستمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ ممکنہ طور پر تب تک آپٹِمس کا پروٹوٹائپ متعارف کرا دیا جائے۔
آپٹِمس روبوٹ کی پہلی جھلک گزشتہ اگست میں پہلی اے آئی تقریب میں دِکھائی گئی تھی۔ تقریب میں ایلن مسک کا کہنا تھا کہ اس کے معیشت پر بہت اہم اثرات ہوں گے۔
عمومی مقاصد کے لیے بنایا گیا 5 فِٹ 8 انچ لمبا آپٹِمس متعدد کیمروں، سینسر اور خود کار پائلٹ سافٹ ویئر کی مدد سے سمت شناسی کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔
ایلن مسک کے مطابق یہ روبوٹ روز مرّہ کے کام کاج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا جیسے کہ سُپر مارکیٹ میں شاپنگ کرنا وغیرہ لیکن ابتداء میں اسے فیکٹری سے متعلقہ کاموں میں استعمال کیا جائے گا۔
گزشتہ برس انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آپٹِمس روبوٹ 2022ء میں دنیا کی پیش قیمتی گاڑی ساز کمپنی کی جانب سے بنائی جانے والی سب سے اہم شے ہوگی۔
ٹیسلا کے مالک کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت سے لاحق خطرات کے پیشِ نظر اس ربوٹ کو انسان دوست رکھا گیا ہے۔