Feb ۱۵, ۲۰۲۲ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
  • ذکر علی (ع) کی گونج ہے سارے جہان میں

امیر المومنین حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم ولادتِ باسعادت کا جشن ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائي عقیدت و مسرت کے ساتھ منایا جارہا ہے.

جشن مولود کعبہ کے موقع پر ایران اسلامی سراپا جشن و نور وسرور ہے اور ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مولائے کائنات کا جشن ولادت باسعادت انتہائي عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

ایران کے مقدس مقامات، شاہراہوں اور گلی کوچوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور لوگ مختلف انداز میں خوشیاں منا رہے ہيں۔ مشہد المقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر، قم المقدسہ میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا، شیراز میں حضرت احمد بن موسیٰ علیہ السلام، رے میں حضرت عبد العظیم حسنی کے علیہ السلام کے حرم مطہر اور دیگر مقامات مقدسہ اور مساجد کو آراستہ کیا گیا ہے جبکہ شہروں اور قریوں پر جشن مولود کعبہ کی حکایت کرنے والی رنگ برنگی جھنڈیاں، برقی قمقمے، پوسٹر اور بینر بھی جلوہ نمائی کرتے نظر آ رہے ہیں۔

مقامات مقدسمہ مخصوصا ائمہ علیہم السلام کے روضات اقدس پر ایران و دیگر ممالک کے زائرین کی بڑی تعداد حاضر ہے -

اُدھر نجف اشرف میں بھی بارگاہ علوی خاص شان و شوکت کے ساتھ جگمگا رہی ہے اور عراق کے علاوہ دیگر ملکوں کے زائرین بھی مولائے متقیان کے حرم مبارک میں نہایت پر وقار انداز میں جشنِ ولادت مناتے ہوئے خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اسکے ساتھ ہی بارگاہ علوی میں عاشقان علی کا ٹھاٹے مارتا ہوا سمندر نظر آ رہا ہے۔

پاکستان اور ہندوستان میں بھی تیرہ رجب المرجب کی مناسبت سے جشن اور محفلوں کا سلسلہ عروج پر ہے اور سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں علی کے متوالے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ گزشتہ شب بھی اسی مناسب سے دنیا بھر میں جشن مولود کعبہ کا خاص سماں دیکھا گیا جس میں شمع علی (ع) کے پروانے بارگاہ مولا میں اپنی پاکیزہ اور پر خلوص عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئے۔

یاد رہے کہ حضرت علی علیہ السلام نے تاریخی شواہد کی بنیاد پر خانہ خدا کعبہ مکرمہ کے اندر ولادت پائی اور اسکے بعد رسول اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے زیر سایہ پروان چڑھے۔ آپ دین اسلام پر ایمان لانے والی پہلی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ آپ نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی ترویج و تبلیغ اور اسکی بقا کے لئے صرف کی۔ آپ کی ولادت باسعادت ہجرت سے تیئیس برس ہوئی، آپ کے پدر بزرگوار جناب ابوطالب اور آپ کی والدہ حضرت فاطمہ بنت اسد علیہما السلام ہیں۔

روایات کی روشنی میں آپ کے بے شمار القاب نقل ہوئے ہیں جن میں امیرالمؤمنین، اسدالله، وجہ اللہ، ید اللہ، عین اللہ، صدیق اکبر، زوج البتول، ساقی کوثر، صاحب اللواء، حیدر کرار، یعسوب‌ الدین، ابوتراب اور باب مدینتہ العلم قابل ذکر ہے ہیں۔

امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کو ایران اسلامی میں "یوم مرد / یوم پدر" کے طور پر بھی منایا جاتا ہے اور اس دن بچے اپنے والد کی زحمتوں اور جانفشانیوں کی خصوصی طور پر قدردانی کرتے ہیں۔

ٹیگس