Jan ۰۲, ۲۰۲۵ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے

صیہونی حکومت نے ایک بار پھر غزہ کی پٹی کو اپنے بھیانک اور وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 26 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ میں واقع خان یونس کے المواصی علاقے میں فلسطینی پناہ گزینوں کی خیمہ بستیوں پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں کم از کم گیارہ افراد شہید اور پندرہ زخمی ہوگئے  ہیں جن میں پانچ بچے اور خواتین بھی شامل ہیں- المنار چینل نے آج جمعرات کی صبح المواصی علاقے میں صیہونی حکومت کے تازہ ترین ہولناک قتل عام کے دوران غزہ پولیس کے سربراہ "محمود صلاح" اور ان کے نائب "حسام مصطفی شہوان" کی شہادت کی خبر دی ہے۔

 

دوسری جانب صیہونی قیدیوں کے اہل خانہ نے بدھ کی شب ایک بار پھر صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کی جانب سے حماس کے ساتھ معاہدے کی راہ میں رکاوٹ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا اور نتن یاہو اور ان کی کابینہ کے خلاف نعرے لگائے اور اہم شاہراہوں کو بند کردیا-

ادھر فلسطین کی تحریک حماس اور تحریک جہاد اسلامی نے رام اللہ میں الجزیرہ ٹی وی چینل کے دفتر کو بند کرنے کے فلسطینی انتظامیہ کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے موجودہ حساس حالات میں ایک نامناسب اقدام قرار دیا ہے۔ حماس نے ایک بیان میں فلسطینی انتظامیہ کے فیصلے کو آزادی اظہار کی خلاف ورزی اور میڈیا کی آزادی کو دبانے کی کوشش قرار دیا ہے۔اسلامی جہاد تحریک نے اعلان کیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب عوام اور فلسطینی کاز کو اپنا درد اور اپنی تکلیف دنیا تک پہنچانے کے لیے ایک آواز کی ضرورت ہے، سیاسی بہانوں پر مبنی یہ اقدام کسی بھی صورت میں فلسطین کے مفاد میں نہیں ہے۔ اسلامی جہاد تحریک نے فلسطینی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے اور الجزیرہ سمیت تمام ان ذرائع ابلاغ کے لئے ہر طرح کی سہولت فراہم کرے جو فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کی حمایت کرتے ہیں۔

 

ٹیگس