Mar ۲۷, ۲۰۱۶ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ نے سری لنکا کو ہرا دیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ کے 172 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کا آغاز انتہائی خراب رہا اور ابتدائی 4 بیٹسمین 15 رن پر ہی پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد کپتان اینجلو میتھیوز اور کپوگیدرا نے پانچویں وکٹ کے لئے 80 رن کی شراکت داری قائم کی، گپوگیدرا 30 رن کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے، پریرا 11 گیندوں پر 20 رن کی اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جب کہ کپتان اینجلو میتھیوز کے 73 رن کے باوجود سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 161 رن ہی بنا سکی۔ انگلینڈ سے شکست کے بعد سری لنکا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلے نے 2 ، کرس جورڈ، لیام پلنکٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

اس سے قبل سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جیسن روئے اور الیکس ہیلز نے اننگ کا آغاز کیا، ہیلز دوسرے ہی اوور میں ہیراتھ کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم جیسن روئے نے جوئے روٹ کے ہمراہ 61 رن کی شراکت داری قائم کی، روٹ 25 اور جیسن 42 رن کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان مورگن اور جوز بٹلر نے چوتھے وکٹ کے لئے 74 رن کی شراکت قائم کی، مورگن 22 رن پر رن آؤٹ ہوئے جب کہ جوز بٹلر نے 66 رن کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 2 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

سری لنکا کی جانب سے جیفری ونڈیرسے نے 2 اور ہیراتھ نے ایک وکٹ حاصل کیا۔

ٹیگس