Apr ۰۱, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۸ Asia/Tehran
  • ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا سیمی فائنل: ہندوستان کی شکست، ویسٹ انڈیز فائنل میں

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کو سات وکٹ سے ہرا دیا۔

ممبئی میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم نے ہندوستان کی کرکٹ ٹیم کا فائنل میں پہنچنے کا سفر روکتے ہوئے اسے سات وکٹ سے شکست دیدی اور اس طرح وہ خود فائنل میں پہنچ گئی۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے ہندوستان کی کرکٹ ٹیم کو بلے بازی کرنے کی دعوت دی جس نے بیس اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر ایک سو بیانوے رن بنائے جس میں ویراٹ کوہلی کے شاندار نواسی رن شامل رہے جبکہ روہت شرما نے تینتالیس اور اجنکیا رہانے نے چالیس رن بنائے اور اس طرح ہندوستان کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لئے ایک سو ترانوے رن کا ہدف دیا۔ اتنا بڑا اسکور بظاہر ہندوستان کی فتح اور ویسٹ انڈیز کی شکست کا اشارہ دے رہا تھا خاص طور سے ایسی حالت میں کہ ویسٹ انڈیز کے کرکٹ کے میدان میں اپنی تابڑ توڑ بیٹنگ سے دھماکے کرنے والے بلے باز کریس گیل آتے ہی بومرا کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور ویسٹ انڈیز کا دوسرا وکٹ بھی جلد ہی گر گیا تاہم سیمینز نے میچ کو اپنی ٹیم کی گرفت سے باہر جانے نہیں دیا اور اپنی ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے ناٹ آؤٹ بیاسی رن بنائے۔ البتہ اس میچ میں ان کی قسمت نے بھی خوب جم کر ان کا ساتھ دیا اس لئے کہ وہ دو بار آؤٹ ہوئے مگر دونوں ہی بار وہ گیندیں نوبال رہیں کہ جن پر وہ آؤٹ ہوئے جس کی بناء پر امپائر نے انھیں میدان سے باہر نہیں جانے دیا۔ بیاسی رن کی اپنی اننگ میں سیمینز نے سات چوکے اور پانچ چھکّے لگائے۔ اب تین اپریل کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل میچ کولکتہ میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٹیگس