کرکٹ: ہندوستان کے ہاتھوں آسٹریلیا کو شکست
ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 75 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
روی چندرن اشون کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم کے آخری 6 کھلاڑی صرف 11 رنز کے عوض آﺅٹ ہو گئے جبکہ پوری ٹیم 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محض 112 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 188 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم اشون کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت پوری ٹیم 112 رنز پر آﺅٹ ہو گئی۔
کینگروز کے آخری 6 کھلاڑی مجموعی سکور میں صرف 11 رنز کا اضافہ ہی کر سکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 17، میٹ رینشاءنے 5، سٹیو سمتھ نے 28، شان مارش نے 9، پیٹر ہینڈزکومب نے 24، مچل مارش نے 13، میتھیو ویڈ نے 0، مچل سٹارک نے 1، سٹیو او کیف نے 2، نیتھن لیون نے 2 اور جوش ہیزل ووڈ کوئی سکور بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
ہندوستان کی جانب سے روی چندرن اشون نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اومیش یادو نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ ایشانت شرما اور رویندر جڈیجہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ہندوستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 189 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز میں 276 رنز بنائے اور ہندوستان کے خلاف 87 رنز کی برتری حاصل کی۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں 274 رنز بنا کر آسٹریلیا کو جیت کیلئے 188 رنز کا ہدف دیا تھا۔