Jun ۳۰, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۸ Asia/Tehran
  • ورلڈ کپ کرکٹ میں آج ہندوستان اور انگلینڈ آمنے سامنے

ورلڈ کپ کرکٹ میں کل پاکستان نے افغانستان کو اور آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دی۔

ورلڈ کپ کرکٹ کے 38 ویں میچ میں آج ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ جبکہ اس سے قبل کل کھیلے گئے دو میچموں میں پاکستان نے افغانستان کو اور آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دی۔ پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔

لیڈزمیں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے افغانستان کا 228 رنز کا ہدف عماد وسیم کے 49 رنز کی بدولت آخری اوور میں حاصل کرلیا، شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے پر عماد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سےامام الحق 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور محمد نبی نے اگلے ہی اوور میں بابر اعظم کو بھی 45 رنز پر بولڈ کردیا ۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 142 رنز پر حارث سہیل کی صورت میں گری جو 27 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جب کہ کپتان سرفراز احمد 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔چھٹی وکٹ پر شاداب خان اور عماد وسیم کے مابین 50 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم شاداب 206 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وہاب ریاض نے عماد وسیم کا بھرپور ساتھ دیا اور 15 رنز کی اہم اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں بھرپور حصہ ڈالا۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور محمد نبی نے 2،2 جب کہ راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل افغان ٹیم کے کپتان گل بدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو گل بدین نائب اور رحمت شاہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے پانچویں اوور میں گل بدین کو 15 رنز پر پویلین بھیج دیا اور اگلی ہی گیند پر ہشمت اللہ شہیدی کو بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔

رحمت شاہ اور اصغر افغان نے پاکستانی بولرز کو خوب پریشان کیا، رحمت 43 گیندوں پر 35 اور اصغر افغان 35 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین اکرام اللہ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، محمد نبی صرف 16 رنز ہی بناسکے اور راشد خان 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 ، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ گرین شرٹس 9 پوائنٹس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے بنگلادیش سے میچ میں فتح اور انگلینڈ کی ہندوستان سے ہار ضروری ہے۔

دوسری جانب ورلڈکپ کے 37 ویں میچ میں آسٹریلیا نے  نیوزی لینڈ کو 86 رنز سے ہرا دیا۔

لارڈزکے تاریخی میدان پر کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 244 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

 

ٹیگس