چلی میں زلزلے کے شدید جھٹکے، سونامی کی وارننگ جاری
Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
زلزلے کے شدید جھٹکوں سے جنوبی امریکہ کا ملک چلی لرزاٹھا جس کے بعد اس ملک میں سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے-
یہ زلزلہ بدھ کی شام کو مقامی وقت کے مطابق سات بج کر چون منٹ پر آیا۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کےمطابق ریکٹراسکیل پر زلزلے کی شدت آٹھ اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی ہے ۔ زلزلے کا مرکز دارالحکومت سان تیاگو سے دوسو اٹھائیس کلومیٹر دور چلی کے ساحل پر تینتیس کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کے تقریبابیس منٹ بعد دو آفٹر شاکس بھی آئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی- چلی کے زلزلے میں اب تک پانچ افراد کے مرنے کی خبریں ہیں-
زلزلہ اس قدر شدید تھاکہ اس کے جھٹکے ارجنٹائن کے شہر بیونس آئریس تک محسوس کیے گئے۔زلزلے کے باعث عمارتیں لرز اٹھیں اور شہری خوفزدہ ہوکر سڑکوں پر نکل آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لوگوں کو نقل مکانی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
چلی دنیا کا زلزلہ خیز ملک ہے اور انیس سو تہتر سے اب تک ریکٹر اسکیل پر سات کی شدت سے بارہ سے زائد مرتبہ زلزلے آچکے ہیں۔