مصر میں روسی طیارہ گر کر تباہ، 224 مسافر ہلاک
روس کاایک مسافر بردار طیارہ مصر کے علاقے صحرائے سینا میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
مصری حکام نے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے تبایا ہے کہ روس کا بدقسمت مسافر طیارہ صحرائے سینا میں العریش کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے کچھ فاصلے پر گر کر تباہ ہوا ہے ۔ بدقسمت طیارہ شرم الشیخ سے سن پیٹرز برگ کے لئے روانہ ہوا تھا جس کے بعد کنٹرول ٹاورسے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
روسی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ایئر بس تین سو اکیس طیارہ، روسی کمپنی کاگلومویا کا تھا۔ طیارے میں دو سو سترہ مسافر اور عملے کے سات افراد سوارتھے۔ طیارے کے حادثے میں سب مسافروں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ طیارے میں سوار زیادہ تر مسافر روسی شہری تھے جو سیاحتی ٹور پر مصر آئے تھے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔ مصری ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی کام جاری ہیں اور طیارے کے ملبے سے اب تک پانچ بچوں سمیت سو افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ سیکورٹی ذرائع نے طیارے کے حادثے میں دہشت گردی یا تخریب کاری کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ صحرائے سینا کے علاقے میں مصری فوج اور تکفیری دہشت گردوں کے درمیان اکثرجھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جس کے دوران فریقین ایک دوسرے کے خلاف ہلکے اور بھاری ہتھیار بھی استعمال کرتے ہیں۔