Nov ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
  • ترکی کے شہر انطالیہ میں امریکی اور روسی سربراہوں کی ملاقات
    ترکی کے شہر انطالیہ میں امریکی اور روسی سربراہوں کی ملاقات

امریکی اور روسی سربراہوں نے ترکی کے شہر انطالیہ میں جی 20 اجلاس کے موقع پرملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں شام میں جنگ بندی کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی نے اسپوٹینک کے حوالے سے لکھا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکی کے شہر انطالیہ میں جی 20 اجلاس کے موقع پر امریکی صدر باراک اوباما اور روسی صدر ولادیمیر پوٹین کے درمیان تعمیری مذاکرات ہوئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق اس ملاقات میں دونوں سربراہوں نے شام میں جنگ بندی کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی ثالثی میں شام میں متحارب فریقین کے درمیان مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ اس ملاقات میں امریکی صدرباراک اوباما اور روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ شام میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں شامی عوام ہی فیصلہ کریں گے۔

ملاقات میں ویانا کانفرنس میں ہونے والی پیشرفت کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے بیان میں مزید آیا ہے کہ امریکہ اور روس کے صدور نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ پیرس کے واقعات کے بعد شام کے بحران کا حل پہلے سے زیادہ ضروری ہوگیا ہے ۔

ٹیگس