ڈھاکا میں امام بارگاہ پر خونریز حملہ کرنے والا اصل ملزم پولیس کارروائی میں ہلاک
-
ڈھاکا میں امام بارگاہ پر خونریز حملہ کرنے والا اصل ملزم پولیس کارروائی میں ہلاک
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں امام بارگاہ پر خونریز حملہ کرنے والا اصل ملزم پولیس کارروائی میں ہلاک ہوگیا ہے۔
ڈھاکا پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ بدھ کی شام کو ہونے والی اس کارروائی میں دہشت گرد گروہ جماعت مجاہدین بنگلہ دیش کے پانچ افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
ڈھاکا پولیس کے ترجمان منیرالاسلام نے بتایا کہ یہ افراد عاشور کے موقع پر شیعوں کے اجتماعات اور پولیس چوکیوں پر حملے سمیت متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص آلبانی سمیت متعدد فرضی ناموں سے اپنی سرگرمیاں انجام دیتا تھا اور اس پر ڈھاکے میں واقع شیعوں کی اصل امام بارگاہ پر گرینیڈ حملہ کرنے کا الزام ہے۔ اس امام بارگاہ پر ہونے والے حملے میں دو افراد شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے تھے۔امام بارگاہ پر اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب بہت سے نمازی وہاں موجود تھے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ آلبانی بدھ کی رات پولیس جھڑپ کے دوران زخمی ہوگیا تھا اور اس کو اسپتال پہنچا دیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی شدت کے سبب ہلاک ہوگیا۔ ترجمان نے اس ملزم کے اصل نام کی طرف اشارہ کئے بغیر کہا کہ آلبانی نے امام بارگاہ میں موجود نمازیوں کی طرف پانچ گرینیڈ پھینکے تھے۔