امریکہ میں پولیس کے تشدد ، نسل پرستی اور عدلیہ کی جانبداری کے خلاف مظاہرہ
امریکا کے شہر بالٹی مور کے عوام نے پولیس کے تشدد، نسل پرستی اور عدلیہ کی جانب سے پولیس کی حمایت کئے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے بالٹی مور شہر کی عدالت کے جج نے اپریل کے مہینے میں ایک سیاہ فام نوجوان فریڈی گرے کے قتل میں ملوث پولیس افسر کے مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں عدالت کو بدھ کے دن نااہل قرار دے دیا۔
ویلیئم پورٹر پر لگائے جانے والے الزامات پر سولہ گھنٹے تک کی بحث کے بعد بھی جیوری اپنا فیصلہ نہ سنا سکی۔ جس کے بعد جج نے جیوری کو نا اہل قرار دیتے ہوئے عدالتی کارروائی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
ویلیئم پورٹر ان چھے پولیس افسران میں سے پہلا پولیس افسر ہے جس پر سیاہ فام نوجوان فریڈی گرے کے قتل کا مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔
فریڈی گرے پولیس کی حراست میں قتل ہوا تھا جس کے بعد گزشتہ اپریل کے مہینے میں نسل پرستی اور پولیس کے تشدد کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ ویلیئم پورٹر پر عنقریب ایک دوسری عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا اور اس مقدمے کی سماعت ایک نئی جیوری کرے گی۔
بالٹی مور کی عدالت کی جانب سے اس مقدمہ کا فیصلہ نہ سنائے جانے کے بعد عدلیہ کے ناکارہ ہونے کے خلاف احتجاج کی ایک نئی لہر شروع ہوگئی ہے ۔
بالٹی مور کے عوام نے سڑکوں پر آکر پولیس تشدد اور نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ کم از کم دو افراد کو احتجاج کے دوران گرفتار کیا جا چکا ہے۔