داعش کے خلاف اقوام متحدہ کی قرارداد
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعرات کے روز ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے تمام ملکوں اور اداروں کو داعش دہشت گرد گروہ کی کسی بھی طرح کی مدد کرنے پر خبردار کیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے پندرہ رکن ممالک نے جمعرات کی رات متفقہ طور پر ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں داعش کے مالی ذرائع کے خلاف اقدامات پر توجہ مرکوز، اور تمام ملکوں کو اس گروہ کے خلاف مزید اقدامات پر قائل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
سلامتی کونسل کی اس قرارداد سے فروری ماہ میں عمل میں لائے جانے والے سلامتی کونسل کے اس اقدام کی تقویت ہوتی ہے کہ جس میں شام کی نوادارت کی تجارت پر پابندی عائد کرتے ہوئے داعش اور جبہۃ النصرہ جیسے گروہوں سے تیل کی خریداری کرنے والوں کے خلاف تادیبی اقدامات کی دھمکی دی گئی تھی اور تمام ملکوں سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اغوا کے واقعات کی بابت ان گروہوں کو تاوان ادا کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل روس نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور ان کے گھرانے کے افراد پر الزام لگایا تھا کہ وہ، عراق و شام میں داعش کے زیر قبضہ علاقوں سے تیل کی اسمگلنگ سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔