سوئیزرلینڈ میں سعودی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر لیا گیا
سعودی عرب میں دی جانے والی اجتماعی پھانسیوں کے خلاف احتجاج کے طور پر سعودی ناظم الامور کو سوئیزرلینڈ کی وزارت خارجہ میں طلب کر لیا گیا۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سوئیزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے منگل کے دن ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب میں اس ملک کے معروف عالم دین شیخ نمر باقر النمر سمیت سینتالیس افراد کو پھانسی دیئے جانے پر احتجاج کے طور پر سعودی ناظم الامور کو طلب کرکے اس سلسلے میں ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ سوئیزرلینڈ کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کا ملک، سعودی عرب میں سزائے موت کا حکم سنائے جانے کے خلاف ہے۔ اس بیان میں سعودی عرب میں دی جانے والی پھانسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تشویش کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے معروف مجاہد عالم دین آیت اللہ شیخ باقر النمر کی سزائے موت کا حکم منسوخ کئے جانے کی ضرورت کے بارے میں عالمی برادری کی وسیع کوششوں کے باوجود آل سعود حکومت کی وزارت داخلہ نے ہفتے کی صبح اعلان کیا کہ شیخ باقر النمر کو چھیالیس دیگر افراد کے ساتھ سزائے موت دے دی گئی۔ اس اعلان کے بعد عالمی سطح پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور سعودی حکومت کو اپنے وحشیانہ اقدام پر علاقائی و عالمی سطح پر عوامی احتجاجات اور بین الاقوامی سطح پر شدید مذمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔