کیمرون، بوکو حرام کے بیس سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت
کیمرون کی فوج اور چند قومیتی فورسز کی کارروائی میں بوکو حرام دہشت گرد گروہ کے بیس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
افریقہ ٹائم کی ویب سائٹ کے مطابق کیمرون کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شمالی کیمرون میں واقع علاقے وامباش میں کیمرون کی فوج اور چند قومیتی فورسز کی کارروائی میں بوکو حرام دہشت گرد گروہ کے چوبیس افراد ہلاک ہو گئے۔ کیمرون کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی اس کارروائی میں کیمرون کے صرف دو فوجی زخمی ہوئے۔
اس سے قبل مسلح دہشت گردوں نے قصبے اولامسو میں ایک عام شہری کو ہلاک اور کئی رہائشی مکانات کو نذر آتش کر دیا تھا۔ اس واقعے سے قبل بھی دہشت گردوں نے کیمرون کے ایک پولیس افسر کی گاڑی کو آگ لگادی تھی۔ ایمنسٹی انٹر نیشنل کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ عیسوی سال کے دوران کیمرون میں بوکو حرام دہشت گردوں کے ہاتھوں تقریبا چار سو عام شہری مارے گئے ہیں۔