نائیجیریا میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے 66 افراد جاں بحق و زخمی
بورنو اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (سیما) کے مطابق ان حملوں میں 18 افراد ہلاک اور 48 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام:عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کی شمال مشرقی ریاست بورنو میں 3 علیحدہ علیحدہ مقامات پر ہونے والے خود کش حملوں میں 18 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے۔
پہلا بم دھماکا ایک شادی کی تقریب میں سہ پہر 3 بجے کے قریب ہوا۔ چند منٹ بعد جنرل ہسپتال گوزا میں ایک اور دھماکا ہوا اور پھر ہلاک شدگان کی نماز جنازہ پر تیسرا بم دھماکا کیا گیا۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 10 سے زائد افراد کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ تینوں حملے خودکش تھے۔ تاحال کسی شدت پسند تنظیم یا گروہ نے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں بوکو حرام اور داعش جیسی انتہا پسند گروہ متحرک ہیں۔