یمن کے خلاف سعودی اتحاد میں برطانوی فوجیوں کی شمولیت کا اعتراف
برطانوی وزیرخارجہ فلیپ ہیمینڈ نے یمن کے خلاف سعودی اتحاد میں برطانوی فوجیوں کی شمولیت کا اعتراف کیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے اعتراف کیا ہے کہ برطانوی فوجی، یمن میں سعودی عرب اور اس کی اتحادی فوجوں کو حملہ کرنے کے لئے اہداف اور ٹھکانوں کی شناسائی میں مدد دیتے ہیں۔
اس سے پہلے برطانیہ میں انسانی حقوق کی تنظیم ریپریو نے یمن میں عام شہریوں پر سعودی عرب کے حملوں میں برطانوی فوج کی شرکت کے بارے میں برطانوی وزارت دفاع سے باضابطہ جواب دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے یمن پر حملے میں برطانوی فوج کی شرکت کے بارے میں دارالعوام میں بیان دیا ہے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یمن پر حملے میں برطانیہ کے کتنے فوجی سعودی عرب کا ساتھ دے رہے ہیں۔ فلیپ ہیمینڈ نے دعوی کیا کہ اس وقت برطانیہ کے فوجی یمن میں موجود ہیں اور سعودی عرب کا ساتھ دے رہے ہیں تاکہ ہمیں یہ اطمینان حاصل ہوسکے کہ یمن میں صرف فوجی ٹھکانوں کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے حیرت انگیز طور پر یہ دعوی بھی کیا کہ یمن میں انسانی حقوق کی پامالی کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی مبصرین نے اپنی تحقیقات میں اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن میں اب تک تیس مرتبہ جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔