ہوٹل پر حملہ، بورکینا فاسو حکومت کا ہنگامی اجلاس
بورکینا فاسو کے دارالحکومت واگادوگو میں ایک ہوٹل پر حملے کے بعد اس ملک کی حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
شین ہوا کی رپورٹ کے مطابق کابینہ کے اس ہنگامی اجلاس میں واگادوگو میں واقع اسپلینڈڈ ہوٹل پر دہشت گردانہ حملے کا جائزہ لیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق اس حملے میں اکیس افراد ہلاک اور تقریبا پندرہ زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ بورکینافاسو کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں میں سے بعض غیرملکی ہیں اور ان کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔
حال ہی میں القاعدہ میں شامل ہونے والے گروہ المرابطون نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اسپلینڈڈ ہوٹل پر مسلح افراد نے جمعہ کی رات حملہ کیا۔ حملہ آوروں کے خلاف سیکورٹی فورس کی کارروائی جاری ہے اور بعض یرغمالیوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔ حملے کے وقت ہوٹل میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد موجود تھے۔