بورکینا فاسو میں ہوٹل پر حملہ، حملہ آوروں کے قبضے سے کئی یرغمالی رہا
Jan ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
بورکینا فاسو کی سیکورٹی فورسز نے دسیوں یرغمالیوں کو حملہ آوروں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق بورکینا فاسو کی سیکورٹی فورسز نے دارالحکومت واگادوگو کے اسپلینڈڈ ہوٹل میں یرغمال بنائے جانے والے افراد میں سے تینتیس کو آزاد کرا لیا ہے۔ رہا ہونے والوں میں بورکینافاسو حکومت کا ایک وزیر بھی شامل ہے۔
بورکینافاسو کے وزیر خارجہ الفا بیری نے شدت پسندوں کو اس حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فرانس کی اسپیشل فورس سے مدد لینے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔ حال ہی میں القاعدہ میں شامل ہونے والے المرابطون گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ اس حملے میں اکیس افراد کے ہلاک اور تقریبا پندرہ کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ حملے کے وقت ہوٹل میں تقریبا ڈیڑھ سو افراد موجود تھے۔