باراک اوباما نے ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا
-
امریکی صدر باراک اوباما نے ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا ہے۔
ایران کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کی تائید کے بعد، امریکی صدر باراک اوباما نے ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے اس ایگزیکٹو آرڈر میں لکھا ہے کہ آئین میں امریکی صدر کو دیے گئے اختیارات کے تحت مشترکہ جامع ایکشن پلان میں امریکی وعدوں پر عمل درآمد کے لیے، میں ایران کی ایٹمی پابندیوں کے سلسلے میں گزشتہ ایگزیکٹو آرڈرز کو منسوخ اور بعض کی اصلاح کر رہا ہوں۔
باراک اوباما کے اس ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق ان کے پہلے جاری کیے گئے ایگزیکٹو آرڈرز 13574، 13590، 13622 اور 13645 منسوخ ہو جائیں گے۔ اسی طرح نو اکتوبر دو ہزار بارہ کو جاری کیے گئے ایگزیکٹو آرڈر 13628 میں اصلاح کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے سولہ جنوری بروز ہفتہ کو ایک مشترکہ بیان پڑھ کر مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کیا۔