اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل پطرس غالی انتقال کر گئے
مصر سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل پطرس غالی منگل کے روز انتقال کر گئے۔ وہ انیس سو بانوے سے انیس سو چھیانوے تک اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل رہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ونزویلا سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے موجودہ سربراہ رافائل رامیرز نے منگل کے روز یمن کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں پطرس غالی کے انتقال کی مناسبت سے ایک منٹ کی خاموشی کا اعلان کیا۔
پطرس غالی نے اپنے دور میں بہت سے اہم اقدامات انجام دیے جن میں اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ میں اصلاحات بھی شامل ہیں۔ وہ انیس سو بائیس میں مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیدا ہوئے اور وہ اقوام متحدہ کے چھٹے سیکریٹری جنرل تھے۔ پطرس غالی مشرق وسطی کے علاقے سے بننے والے اقوام متحدہ کے پہلے سیکریٹری جنرل تھے۔ وہ انیس سو ستتر سے انیس سو اکانوے تک مصر کے وزیر خارجہ بھی رہے۔