ترکی کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد کا امکان ہے، روس کا اعلان
روس، سلامتی کونسل میں ترکی کے خلاف قرار داد پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویتالی چورکین نے رشیا ٹوڈے کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ روس، ترکی کے خلاف سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ترکی نے شامی علاقے میں کردوں کے خلاف حملے بند نہ کئے تو روس، اس کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کرنے پر مجبور ہو گا۔
ویتالی چورکین نے بحران شام کے حل اور جنگ بندی کے بارے میں روس اور امریکہ کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بحران شام کا حل انتہائی دشوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحران شام کے مختلف فریق ہیں اور اس کے حل کو کس طرح آگے بڑھایا جائے، اس بارے میں بھی مختلف طرح کے نظریات پائے جاتے ہیں۔
روس کے نمائندے نے مزید کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ بحران کے حل کی جانب قدم بڑھانے کا عمل تیز ہوا ہے اور اس سلسلے میں ماسکو اور واشنگٹن مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بحران شام کے حل کا یہ منفرد موقع ضائع نہیں ہو گا۔