روس نیٹو کے رکن ملکوں میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے: نیٹو کے سیکریٹری جنرل کا دعوی
نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے دعوی کیا ہے کہ روس نیٹو کے رکن ملکوں میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹنبرگ نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ روس مختلف طریقوں سے اپنے ہمسایہ ممالک اور نیٹو کے رکن ملکوں میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں روس کی موجودگی نیٹو کے لئے باعث تشویش ہے۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ روس کے خلاف یورپ، امریکا اور سبھی اتحادی ملکوں کی پابندیاں جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ دو سال قبل یوکرین کے بحران کے بعد روس اور نیٹو کے تعلقات کشیدہ ہو گئےتھے اور تب سے دونوں جانب سے ایک دوسرے پر الزام اور جوابی الزام کا سلسلہ جاری ہے - ابھی حال ہی میں یورپ میں نیٹو کی فوج کے کمانڈر جنرل فلیپ بریدلاو نے اپنے ایک بیان میں دعوی کیا تھا کہ روس کی جانب سے امریکا اور یورپ کو طویل المیعاد خطرات کا سامنا ہے-
دوسری جانب ماسکو نے بارہا نیٹو کو خبردارکیا ہے کہ وہ روس کی سرحدوں کے قریب تک اپنا دائرہ وسیع کرنے اور سابق سویت یونین کی آزادجمہوریاؤں کو اپنا ممبر بنانے سے باز رہے۔