داعش نے عراق میں کیمیاوی ہتھیار استعمال کئے : فرانس کا اعتراف
فرانس کے وزیر دفاع نے عراق میں داعش کے ہاتھوں کیمیاوی ہتھیار استعمال کئے جانے کی خبر دی ہے-
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے وزیر دفاع جان ایولودریان نے منگل کو شہر اربیل میں شمالی عراق میں تعینات فرانسیسی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے دستاویزات موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ داعش نے عراقی فوجیوں اور عام شہریوں کے خلاف کیمیاوی ہتھیار استعمال کئے ہیں- فرانس کے وزیر دفاع نے کہا کہ داعش گروہ اپنے مقاصد کے حصول کے لئے ہر طرح کے حربے استعمال کرتا ہے-
عراق میں موجود فرانس کے ایک اعلی فوجی عہدیدار نے بھی کہا ہے کہ موجودہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ داعش نے کلیورین گیس سے حملوں کے بعد بارہا مسٹرڈ گیس بھی استعمال کئے ہیں- اس فرانسیسی عہدیدار نے مزید کہا کہ کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال پہلے سے زیادہ رائج ہو چکا ہے-
داعش دہشت گردوں نے جون دو ہزار چودہ سے عراق کے بعض علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور مغربی ممالک کی اسلحہ جاتی اور مالی مدد سے اب تک ہزاروں افراد کو قتل، زخمی اور در بدر کر دیا ہے-