سلامتی کونسل کی جانب سے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل نے اتوار کے روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں شمالی کوریا پر اس ادارے کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے کی بنا پر تنقید کی گئی ہے۔ سلامتی کونسل کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ پیونگ یانگ کا اقدام علاقے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے گا۔
سلامتی کونسل نے تمام ملکوں سے اپیل کی کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف عائد کی گئی پابندیوں خاص طور پر مارچ کے مہینے میں لگائی جانے والی پابندیوں پر عمل کریں۔ سلامتی کونسل کے اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں شمالی کوریا کے جدید بیلیسٹک میزائلوں کے تجربات اور ان کو ترقی دینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے ہفتے کے روز آبدوز سے فائر کیے جانے والے بیلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جو ایٹمی وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شمالی کوریا کے اس تجربے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔