روس کے وزیر خارجہ کا نیٹو کی توسیع کی بابت سخت انتباہ
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے ایک بار پھر نیٹو کی توسیع کی جانب سےخبر دار کیا ہے۔
سوئیڈش اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ نیٹو، روس کی سرحدوں کی جانب اپنا دائرہ پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس اپنی سرحدوں کے تحفظ کے لیے لازمی اقدامات انجام دے گا۔
سرگئی لاوروف نے اس الزام کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا کہ روس، نیٹو کے رکن ملکوں کی سرحدوں کے قریب خطرناک اقدامات انجام دے رہا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ نیٹو کا یہ دعوی، حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو کی فوجی تنصیبات مسلسل روس کی سرحدوں کے قریب آتی جارہی ہیں اور جب روس اپنے تحفظ کے لیے اقدامات کرتا ہے تو اسے نیٹو کے لیے خطرناک قرار دیا جاتا ہے۔
انہوں نے، روس کی سرحدوں کے قریب نیٹو کے میزائل سسٹم اور فوجیوں کی تعیناتی کو انیس سو ستانوے کے روس نیٹو معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ ہمیں نیٹو کے حکام کے بیانات سے کوئی غرض نہیں ہے، بلکہ ماسکو تو نیٹو کے عملی اقدامات کو دیکھ رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یوکرین کے بحران اور جزیرہ نمائے کریمیا کے روس کےساتھ الحاق کے بعد، نیٹو روس تعلقات میں سخت کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔
نیٹو نے روس کےساتھ تعاون معطل اور اس کی سرحدوں کے قریب اپنی فوجوں کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا ہے۔