میکسیکو میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ چھ ہلاک اور سو زخمی
میکسیکو میں مظاہرین اور پولیس کے تصادم میں چھے افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ۔
پریس ٹی وی کے مطابق میکسیکو کے صوبہ اوخاکا میں حکومت کی تعلیمی اصلاحات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے ٹیچروں پر فیڈرل پولیس نے حملہ کر دیا ۔ اس حملے کے بعد مظاہرین اور پولیس کے مابین تصادم میں چھے افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ۔
میکسیکو کے حکام کا کہنا ہے کہ کچھ مسلح افراد نے مظاہرین اور پولیس پر فائرنگ کر دی جس میں چھے افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ تشدد کا یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب پولیس نے اوخاکا کی ایک شاہراہ پر ایک ہفتے سے جاری ٹیچروں کے دھرنے کو ختم کرانے اور شاہراہ کو کھولنے کے لئے ٹیچروں پر شیلنگ شروع کر دی ۔ پولیس کے اس اقدام کے بعد تشدد بھڑک اٹھا اور سڑک پر موجود متعدد گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں ۔
میکسیکو کے شعبہ تعلیم و تربیت کے ملازمین کی یونین کی اپیل پر ٹیچروں نے حکومت کی اصلاحات اور یونین کے دو لیڈروں کی گرفتاری کے خلاف یہ احتجاجی دھرنا دیا تھا جس کی وجہ سے مذکورہ شاہراہ ایک ہفتے تک بند رہی ۔
اس واقعے کے بعد میکسیکو کے سیکورٹی کمیشن نے اعلان کیا کہ فیڈرل پولیس کے افراد مسلح نہیں تھے ۔ کمیشن کا کہنا تھا کہ وہ تصاویر جعلی ہیں جن میں پولیس کے اہلکاروں کو مسلح دکھایا گیا ہے۔ لیکن میکسیکو کی فیڈرل پولیس کے چیف نے بعد میں اعلان کیا کہ پولیس اور مظاہرین پر مسلح افراد کی فائرنگ کے بعد پولیس کا ایک مسلح دستہ جائے وقوعہ پر بھیجا گیا تھا۔
پولیس چیف نے اعلان کیا ہے کہ تشدد کی اکثر وارداتیں ان لوگوں نے انجام دی ہیں جو اپنے چہرے چھپائے ہوئے تھے اور ان کا تعلق محمکہ تعلیم و تربیت کے ملازمین کی یونین سے نہیں تھا۔